کراچی (اسپورٹس ڈیسک)پشاور زلمی نے پاکستان سپر لیگ 11 کے 29ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 118 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ اسکور کیا۔
زلمی کے کپتان بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 52 گیندوں پر 100 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے، یہ ان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 12ویں اور پی ایس ایل میں تیسری سنچری ہے۔
ان کے ساتھ کشال مینڈس نے بھی 44 گیندوں پر 83 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، دونوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 135 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔اختتامی اوورز میں ایرون ہارڈی نے 10 گیندوں پر 26 رنز بنا کر ٹیم کا مجموعہ 255 تک پہنچایا۔
ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 18.1 اوورز میں 137 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔کوئٹہ کے بولرز زلمی کے سامنے بےبس دکھائی دیے، الزاری جوزف نے 4 اوورز میں 59 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی جبکہ ابرار احمد اور عثمان طارق نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

