اسلام آباد(پاکستان کرکٹ بورڈ، سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے درمیان کرکٹ کے فروغ اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے، جس کے تحت جدہ میں بین الاقوامی معیار کا جدید کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔معاہدے پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن نے دستخط کیے۔
مفاہمتی یادداشت کے مطابق دونوں ادارے کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، آپریشنل معیارات، استعدادِ کار میں اضافے اور کھیل کے فروغ کے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کریں گے۔اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنے پر فخر محسوس کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان یہ شراکت داری نہ صرف کرکٹ کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی بلکہ پاک سعودی تعلقات کو بھی مزید مضبوط بنائے گی۔معاہدے کے تحت جدید اور مربوط کرکٹ انفرا اسٹرکچر کی تعمیر کے ساتھ ساتھ سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ، نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور انہیں نئے مواقع فراہم کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔
چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن نے کہا کہ پاک سعودی شراکت داری صرف کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر تک محدود نہیں رہے گی بلکہ یہ منصوبہ مملکت میں کرکٹ کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

