پاکستان کرکٹ بورڈ نے نسیم شاہ کو سنٹرل کنٹریکٹ کی مختلف شقوں اور پی سی بی سوشل میڈیا گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی سے متعلق ڈسپلنری کمیٹی کی کارروائی کی روشنی میں قصوروار قرار دیتے ہوۓ بھاری جرمانہ عائد کردیا۔
پی سی بی نے 27 مارچ 2026 کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا جس میں خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے نسیم شاہ سے جواب طلب کیا گیا تھا۔بعد ازاں، نسیم شاہ کا جواب موصول ہونے اور اس کا جائزہ لینے کے بعد، 30 مارچ کو تین رکنی ڈسپلنری کمیٹی کے سامنے ذاتی سماعت بھی ہوئی۔
“سماعت اور نسیم شاہ کے مؤقف کا جائزہ لینے کے بعد کمیٹی نے درج ذیل فیصلہ سنایا”
اگرچہ نسیم شاہ کی جانب سے غیر مشروط معافی کو نوٹ کیا گیا، تاہم انہیں سنٹرل کنٹریکٹ کی مختلف شقوں کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا اور ان پر 2 کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔یہ بھی نوٹ کیا گیا کہ نسیم شاہ نے اپنے سوشل میڈیا ایڈوائزر کو پہلے ہی برطرف کر دیا ہےاور پی سی بی کی جانب سے اسے بلیک لسٹ بھی کر دیا جائیگا تاکہ وہ مستقبل میں کسی بھی پی سی بی سے منسلک کھلاڑی کے ساتھ کام نہ کر سکے۔پی سی بی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ پیشہ ورانہ معیار، معاہدوں کی پابندی اور کھیل کی سالمیت کو برقرار رکھنے کیلئےپُرعزم ہے۔

