بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں ڈومیسٹک کرکٹ کے بجٹ میں ایک ارب روپے کے اضافے کی منظوری، بجٹ 3 ارب روپے سے بڑھا کر 4 ارب روپے کرنے کا فیصلہ
قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں اضافہ بھی منظور، قائداعظم ٹرافی کے پلیئرز کے لیے میچ فیس میں خاطر خواہ اضافہ،کھلاڑیوں کی میچ فیس 30 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کرنے کی منظوری
چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا 84واں اجلاس پی سی بی منعقد ہوا، اجلاس میں نئے مالی سال 27 -2026 کے سرپلس بجٹ کی متفقہ منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پی ایس ایل 12 کے بجٹ کی بھی منظوری دی گئی۔ پی ایس ایل کو انتظامی و مالیاتی طور پر خودمختار بنانے کی منظوری دی گئی، اجلاس میں ڈومیسٹک کرکٹ کے بجٹ میں ایک ارب روپے کے اضافے کی منظوری دی گئی، بی او جی کے اجلاس میں ڈومیسٹک کرکٹ کا بجٹ 3 ارب روپے سے بڑھا کر 4 ارب روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں نئے سنٹرل کنٹریکٹ کے فارمیٹ و ادائیگی کے طریقہ کار کی منظوری دی گئی۔ بی او جی نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے لئے میچ فیس میں اضافے کی منظوری دی جبکہ قائداعظم ٹرافی کے پلیئرز کے لیے میچ فیس میں خاطر خواہ اضافہ کرنے کا فیصلہ کیاگیا اور کھلاڑیوں کی میچ فیس 30 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کرنے کی منظوری دی گئی، اسی طرح ریزرو پلئیرز کی میچ فیس 15 ہزار روپے سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وویمنزون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس کے انعقاد اور اس ضمن میں فنڈز مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں ریجنل گراؤنڈ سٹاف کی کم از کم تنخواہ 42 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں 12 مزید گراؤنڈز کو آپریشنل کرنے اور ہیومن ریسورس کے لیے فنڈز مخصوص کرنے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں نیشنل بینک کرکٹ سٹیڈیم کراچی اور دیگر انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے لیے 6 ارب 70 کروڑ روپے کے فنڈز مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔
ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور میں بائیو مکینک مشین لگانے کیلئے فنڈز مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں بی او جی کے گزشتہ میٹنگ کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ چیف فنانشل آفیسر پی سی بی جاوید مرتضی نے نئے مالی سال کے بجٹ کے خدوخال اور اعدادوشمار بارے بریفنگ دی۔
بی او جی کے ممبران انوار غنی، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، اسماعیل قریشی، سجاد کھوکھر، تنویر احمد اور عدنان ملک نے اجلاس میں شرکت کی۔ ظہیر عباس، ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ ڈویژن میر حسن نقوی اور دیگر حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر اور تمام ڈائریکٹرز نے اجلاس میں شرکت کی۔

