لاہور(پولیس ذرائع، خبر ایجنسیاں)پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عبداللّٰہ طاہر کے قتل کیس کی تحقیقات میں ہنی ٹریپ اور ڈرون کیمرے کے استعمال کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
پولیس تفتیش کے مطابق مقتول کے ڈرائیور کو ایک خاتون کے ذریعے ہنی ٹریپ کیا گیا۔ تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان کی ساتھی خاتون نے سوشل میڈیا ایپ کے ذریعے عبداللّٰہ طاہر کے ڈرائیور سے رابطہ قائم کیا تھا۔
پولیس کے مطابق واردات کے روز کلینک پہنچنے کے بعد ڈرائیور اور خاتون کے درمیان ویڈیو کال ہوئی، جس کے دوران ملزمان نے عبداللّٰہ طاہر کی کلینک میں موجودگی کی تصدیق کی۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ مقتول کی نقل و حرکت اور کلینک کی نگرانی کے لیے ملزمان نے ڈرون کیمرے کا بھی استعمال کیا، جس کی مدد سے ریکی کی گئی۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما عبداللّٰہ طاہر کو چند روز قبل لاہور کے علاقے گلبرگ میں فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا تھا، جبکہ پولیس مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔

