پی ٹی آئی کو لانگ مارچ ملتوی یا منسوخ نہیں، مکمل طور پر ختم کرنا ہوگا: شیری رحمان

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو لانگ مارچ ملتوی یا منسوخ نہیں بلکہ مکمل طور پر ختم کرنا ہوگا، لانگ مارچ غیر مشروط طور پر ختم کرنا ہوگا۔اسلام آباد میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے تشدد بڑھتا ہے، کم نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہے، فتنہ الخوارج اور دیگر کے حملوں میں ہمارے لوگ شہید ہورہے ہیں، ہمارے فوجی اور پولیس اہلکار شہید ہورہے ہیں۔شیری رحمان کا کہنا تھا کہ کسی ایک فرد کے لیے ہم کبھی بھی لانگ مارچ نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے مطالبات پر ابھی کوئی بات نہیں کرسکتی، ہم نے ایک دوسرے کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچانی۔رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ ابھی جو بات چیت ہورہی ہے اسے وقت دینا ہوگا، ہماری کوشش ہوگی کہ کل مذاکرات مکمل ہوجائیں اور کسی نتیجے پر پہنچیں۔