چینی اداکار جِن زے 33 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، موت کی وجہ ظاہر نہ کی گئی

بیجنگ( غیرملکی میڈیا)چین کی شوبز انڈسٹری کے معروف نوجوان اداکار اور ماڈل جِن زے 33 برس کی عمر میں اچانک انتقال کر گئے، جس کی تصدیق ان کی ٹیلنٹ مینجمنٹ ایجنسی نے کر دی ہے۔ خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں اور شوبز حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق جِن زے، جن کا اصل نام ژانگ جیاوئی تھا، ہانگژو میں واقع اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئے۔ تاہم اہلِ خانہ کی خواہش پر ان کی وفات کی وجہ فی الحال ظاہر نہیں کی گئی۔

ایجنسی کی جانب سے جاری بیان میں میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں خاندان کی رازداری کا احترام کریں اور موت کی وجوہات سے متعلق کسی بھی قسم کی قیاس آرائی یا افواہیں پھیلانے سے گریز کریں تاکہ اہلِ خانہ سکون کے ساتھ آخری رسومات ادا کر سکیں۔

جِن زے کی اچانک وفات کی خبر چند ہی گھنٹوں میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر نمایاں موضوع بن گئی جبکہ ساتھی فنکاروں اور مداحوں نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے محنتی، خوش اخلاق اور مخلص شخصیت قرار دیا۔

واضح رہے کہ اپنی وفات سے تقریباً ایک ماہ قبل جِن زے نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ویبو پر اپنی آخری پوسٹ میں ایک نئے ڈرامائی منصوبے کی شوٹنگ مکمل ہونے پر خوشی کا اظہار کیا تھا، جس میں وہ مرکزی کردار ادا کر رہے تھے۔