چین کے قونصل جنرل مسٹر سن یان کا لاہور پریس کلب کا دورہ

صدر ارشد انصاری اور قونصل جنرل سن یان نے پاک چین دوستی کی 75ویں سالگرہ کا کیک کاٹا

لاہور(نمائندہ خصوصی)پیپلز ریپبلک آف چائنہ کے لاہور میں تعینات قونصل جنرل مسٹر سن یان نے لاہور پریس کلب کا دورہ کیا اور گورننگ باڈی کے اراکین سے ملاقات کی۔اس موقع پر لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، جنرل سیکرٹری افضال طالب، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ، فنانس سیکرٹری سالک نواز، ممبران گورننگ باڈی سرمد فرخ خواجہ، محمد احمد رضا، سید بدر سعید، کامران خان، ظہیر شیخ، سابق سیکرٹری ذوالفقار علی مہتو اور سابق سینئر نائب صدر شیراز حسنات بھی موجود تھے۔

صدر ارشد انصاری نے چینی قونصل جنرل کی کلب آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین نہ صرف ہمسایہ ممالک ہیں بلکہ بہترین خارجہ پالیسی کے باعث دونوں ممالک کے تعلقات دن بدن مزید مضبوط ہو رہے ہیں جبکہ دونوں ممالک کی عوام بھی ایک دوسرے کیلئےنیک جذبات رکھتی ہیں۔

قونصل جنرل سن یان نے پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ چین اور پاکستان کے صحافیوں کے درمیان روابط کو مزید فروغ دیا جائے۔اس موقع پر قونصل جنرل سن یان اور صدر ارشد انصاری نے پاک چین دوستی کی 75ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔

بعد ازاں قونصل جنرل سن یان نے چین کے تعاون سے لاہور پریس کلب میں قائم کیے گئے ڈیجیٹل اسٹوڈیو اور شملہ پہاڑی کا دورہ کیا۔صدر ارشد انصاری نے معزز مہمان قونصل جنرل مسٹر سن یان کو گلدستہ پیش کیا۔