کامن ویلتھ گیمز: پاکستانی باکسر فاطمہ زہرا نے کانسی کا تمغہ جیت لیا

گلاسگو (خبر ایجنسیاں) پاکستانی باکسر فاطمہ زہرا نے کامن ویلتھ گیمز کی 60 کلوگرام کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ جیت لیا، تاہم سیمی فائنل میں انہیں کینیڈا کی باکسر ماریا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

گلاسگو میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں پاکستان کی فاطمہ زہرا کا مقابلہ کینیڈا کی باکسر ماریا سے ہوا۔ پہلے راؤنڈ میں کینیڈین باکسر کو 4-1 کی برتری حاصل تھی، تاہم دوسرے راؤنڈ میں ریفری نے مقابلہ روک دیا۔

فاطمہ زہرا ایونٹ میں کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہیں۔ انہوں نے ویمنز 60 کلوگرام کیٹیگری کے کوارٹر فائنل میں نیوزی لینڈ کی جارڈن ولسن کو شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔

پاکستان نے 2014ء کے بعد کامن ویلتھ گیمز کے باکسنگ ایونٹ میں کوئی تمغہ حاصل کیا ہے، جبکہ فاطمہ زہرا کامن ویلتھ گیمز کی باکسنگ میں تمغہ جیتنے والی پاکستان کی پہلی خاتون باکسر بن گئی ہیں۔

سیمی فائنل میں شکست کے بعد فاطمہ زہرا نے کہا کہ یہ ہمارا پہلا قدم ہے، ہم سونے کے تمغے کی بھی امید کر رہے تھے، تاہم کانسی کا تمغہ پاکستانی خواتین باکسرز کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس مقام تک پہنچنے کے لیے ایک طویل سفر طے کیا ہے اور یہ اس بات کی علامت ہے کہ ہم درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ویمنز 60 کلوگرام کیٹیگری کے فائنل میں بھارتی باکسر پریا کا مقابلہ ہفتہ کو کینیڈا کی میری المہدیہ سے ہوگا۔