کامیابی شارٹ کٹ سے نہیں آتی، محنت کرنی پڑتی ہے: جہانگیر خان

لاہور(اسپورٹس ڈیسک) اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے کہا ہے کہ اسکواش کو جس طرح لوگ چلا رہے ہیں، اس کی وجہ سے غفلت ہوتی ہے، بچوں کو یہ بتانا ضروری ہے کہ کامیابی شارٹ کٹ سے نہیں آتی، اس کیلئےمحنت کرنی پڑتی ہے۔

لاہور میں اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کے نئے تعمیر ہونے والے اسکواش کمپلیکس کے 3 کورٹس کا افتتاح ربن کاٹ کر اور شاٹ کھیل کر کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب محمد طارق بھی موجود تھے۔

جہانگیر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، جدید اسکواش کمپلیکس لاہور کیلئے تحفہ ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں ایسے اسکواش کورٹس بہت کم ہیں، اس طرح کی سہولیات سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے مواقع ملیں گے۔