کراچی(نمائندہ خصوصی)کراچی کے علاقے ڈیفنس صبا ایونیو کے قریب ایک افسوسناک حادثے میں تیز رفتار گاڑی امام بارگاہ کے باہر لگے ٹینٹ میں جا گھسی، جس کے نتیجے میں 11 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد گاڑی کے ڈرائیور سمیت 3 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔معلومات کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب گاڑی بے قابو ہو کر سڑک کنارے موجود ٹینٹ کے اندر داخل ہوگئی۔
حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے، جس میں گاڑی کو کنٹرول کھو کر شہریوں اور سڑک کنارے لگے انتظامات سے ٹکراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس سے موقع پر بھگدڑ اور افراتفری پھیل گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سندھ سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق انہیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ گاڑی بریک فیل ہونے کے باعث بے قابو ہو گئی تھی۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ گاڑی کو قبضے میں لے کر مکمل تکنیکی جانچ کی جائے اور ڈرائیور کی گرفتاری سمیت واقعے کی جامع انکوائری رپورٹ پیش کی جائے۔زخمی افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق زخمیوں کی حالت پر نظر رکھی جا رہی ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

