کراچی(نامہ نگار)کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان ہونے والے مقابلوں میں ایک مبینہ ڈاکو ہلاک جبکہ 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق لیاقت آباد کے علاقے چونا ڈپو کے قریب پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک اور ایک زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جبکہ ان کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔
ایک اور کارروائی میں نیپا پل کے قریب پولیس مقابلے کے بعد زخمی سمیت 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز اور موٹر سائیکل برآمد کر لی۔
دریں اثنا، اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے 11 میں پولیس مقابلے کے بعد زخمی سمیت 4 ڈاکوؤں کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے اسلحہ، نقدی، موبائل فونز اور 2 موٹر سائیکلیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ فرار ہونے والے ملزم کی تلاش کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

