کراچی: وسیم اکرم کی موت کی افواہیں بے بنیاد، شنیرا اکرم نے تردید کر دی

کراچی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں اور مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ویڈیوز کی سختی سے تردید کر دی ہے، جن میں وسیم اکرم کے دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

جعلی ویڈیوز اور سوشل میڈیا پوسٹس کے بعد مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، تاہم شنیرا اکرم نے ان افواہوں کا جواب دیتے ہوئے ایک نئی ویڈیو شیئر کی، جس میں وسیم اکرم جم میں ورزش کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

ویڈیو میں وسیم اکرم مختلف ورزشیں کرتے دکھائی دیتے ہیں، جن میں کیبل پل ڈاؤنز، پل اپس اور باربیل فلور پریس شامل ہیں، جبکہ آخر میں وہ کیمرے کی جانب دیکھ کر مسکراتے بھی ہیں۔

شنیرا اکرم نے ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ یہ ریکارڈنگ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی جعلی خبروں اور مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ویڈیوز کے جواب میں شیئر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسا کہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے، وسیم اکرم بالکل خیریت سے ہیں اور معمول کے مطابق ورزش کر رہے ہیں۔

شنیرا اکرم کی وضاحت کے بعد مداحوں نے اطمینان کا اظہار کیا اور وسیم اکرم کی خیریت پر خوشی کا اظہار کیا۔