کراچی کنگز ڈرامائی انداز میں پی ایس ایل سے آؤٹ لاہور قلندرز پلے آف کی مضبوط امیدوار

کراچی کی کوئٹہ کیخلاف کامیابی کسی کام نہ آئی لاہور پشاور سے جیت کر بہتر رن ریٹ کی بدولت ان ہوگئی
دس دس میچز کے بعد لاہور اور کراچی کے آٹھ آٹھ پوائنٹس پشاور 17 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر نمبر ون

ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 میں گزشتہ روز دو میچ کھیلے گئے۔ایونٹ کے 37ویں میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیا جانے والا 196 رنز کا ہدف 18.3 اوورز میں 1 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ڈیوڈ وارنر نے 48 گیندوں پر 90 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 10 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے، ریزا ہینڈرکس 48 گیندوں پر 87 رنز بنا کر نمایاں رہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جہانداد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے اور کراچی کنگز کو 196 رنز کا ہدف دیا تھا۔رائیلی روسو کی 90 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، جبکہ اوپنر سعود شکیل 57 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان 147 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

اس شراکت کو رضوان اللہ نے سعود شکیل کو آؤٹ کر کے ختم کیا، جنہوں نے 34 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے۔کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی، عباس آفریدی اور رضوان اللہ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دوسرے میچ میں لاہور نے ناقابل شکست پشاور زلمی کو چھ وکٹوں سے شکست دی۔ پشاور نے پہلے کھیلتے ہوۓ 199 رنز بناۓ جواب میں لاہور نے ہدف چار وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ فخر زمان عمدہ بیٹنگ کی بدولت مین آف دی میچ قرار پاۓ۔