کویت سٹی(نمائندہ خصوصی)کویت میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظفر اقبال نے جمہوریہ کوریا کے نو تعینات سفیر جانگ ہیون کِم کا سفارت خانے میں تعارفی دورے کے موقع پر خیرمقدم کیا اور انہیں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کامیابی کیلئےنیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران سفیرِ پاکستان ڈاکٹر ظفر اقبال اور جنوبی کوریا کے سفیر جانگ ہیون کِم نے پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ اور باہمی روابط کو وسعت دینے پر تبادلۂ خیال کیا۔
ملاقات کے آغاز میں چند کویتی کاروباری شخصیات سفیرِ پاکستان ڈاکٹر ظفر اقبال کے ساتھ اپنی پہلے سے طے شدہ ملاقات مکمل کر رہی تھیں، جس کے باعث کچھ دیر کیلئے پاکستان، جنوبی کوریا اور کویت کے نمائندوں کے درمیان سہ فریقی گفتگو بھی ہوئی۔
اس موقع پر سفیرِ پاکستان ڈاکٹر ظفر اقبال نے کہا کہ اس نوعیت کی غیر رسمی ملاقاتیں اور اچانک ہونے والے تبادلۂ خیال اکثر بہترین خیالات کو جنم دیتے ہیں اور اس حقیقت کی یاد دہانی کراتے ہیں کہ سفارت کاری کا اصل مقصد لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑنا، باہمی اعتماد کو فروغ دینا اور تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔

