کیلگری (اشرف خان لودھی سے) پاکستان کبڈی فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری شافع حسین نے عرفان اکرم وڑائچ کو فیڈریشن کا نائب صدر مقرر کردیا جبکہ کبڈی سے وابستہ سینئر شخصیت حاجی خورشید عالم سندھو نے کھیل کے فروغ کیلئے تمام کھلاڑیوں اور ایسوسی ایشنز کو ساتھ لے کر چلنے کے عزم کا اظہار کیا۔

عرفان اکرم وڑائچ نے پاکستان کبڈی فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری شافع حسین اور صدر چوہدری سالک حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ذمہ داری کو اپنے لیے بہت بڑی خوش قسمتی سمجھتے ہیں اور کبڈی کے فروغ کیلئےاپنی پوری صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حاجی خورشید عالم سندھو کبڈی کے لیجنڈ ہیں جنہیں اس کھیل کیلئے35 سال خدمات انجام دیتے ہوئے ہوچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں خود کبڈی سے وابستہ ہوئے صرف تین سال ہوئے ہیں، تاہم کیلگری میں کبڈی کا پہلا میچ دیکھنے کے بعد انہیں اس کھیل سے محبت اور لگاؤ ہوگیا۔

عرفان اکرم وڑائچ نے کہا کہ ہم سب پنجابی ہیں اور کبڈی ہماری اپنی کھیل ہے، جسے آنے والے وقت میں مزید فروغ دینا ضروری ہے۔ شمالی امریکا میں باسکٹ بال اور آئس ہاکی سمیت مختلف کھیل مقبول ہیں، اسی طرح ان کی کوشش ہوگی کہ کبڈی کو بھی یہاں نمایاں مقام دلایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے نائب صدر کی حیثیت سے وہ پوری ہمت اور توانائی کے ساتھ کبڈی کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچانے کیلئےکام کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام ساتھیوں اور سرپرستوں کے تعاون سے کبڈی کو شمالی امریکا سمیت عالمی سطح پر متعارف کرانا ان کا وژن ہے۔
حاجی خورشید عالم سندھو نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ کبڈی فیڈریشن میں شامل ہوکر اچھے کام کرنے اور تمام کبڈی کھلاڑیوں اور ایسوسی ایشنز کے ساتھ مل کر اس کھیل کو فروغ دینے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کبڈی میں سکھ برادری کا بہت بڑا حصہ ہے اور ان کی مہربانی ہے کہ دوسروں کو بھی اس کھیل میں شامل کرتے ہیں۔ پاکستانی بھی آہستہ آہستہ کبڈی کی طرف آرہے ہیں اور مستقبل میں پاکستان اور کینیڈا میں مختلف سطحوں پر اس کھیل کو مزید متعارف کرایا جائے گا۔
حاجی خورشید عالم سندھو نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ کبڈی کو باقاعدہ اور منظم انداز میں مزید مشہور کیا جائے اور زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو اس کھیل سے جوڑا جائے۔
کبڈی سے متعلق دستیاب آن لائن معلومات میں بھی عرفان اکرم وڑائچ اور حاجی خورشید عالم سندھو کا سانجھا پنجاب کبڈی کلب اور کینیڈا میں کبڈی کے فروغ کے حوالے سے ذکر ملتا ہے۔

