کیلگری: اسٹونی ٹریل پر خوفناک ٹریفک حادثہ، 4 افراد ہلاک، 4 زخمی

کیلگری(کیلگری پولیس، خبر ایجنسیاں) کینیڈا کے شہر کیلگری میں اسٹونی ٹریل پر اتوار اور پیر کی درمیانی شب پیش آنے والے خوفناک ٹریفک حادثے میں 4 افراد ہلاک جبکہ 4 دیگر زخمی ہوگئے۔کیلگری پولیس کے مطابق حادثہ رات تقریباً 11 بجے اسٹونی ٹریل پر 90 ویں ایونیو جنوب مغرب کے شمال میں پیش آیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق 30 سالہ شخص مرسڈیز بینز گاڑی کو غلط سمت میں جنوبی لین میں چلا رہا تھا۔ گاڑی میں اس کے ساتھ اگلی نشستوں پر ایک خاتون اور ایک بچہ بھی سوار تھے۔ مرسڈیز مخالف سمت سے آنے والی سبارو گاڑی سے ٹکرا گئی، جسے 43 سالہ شخص اکیلا چلا رہا تھا۔

پولیس کے مطابق تصادم کے فوراً بعد دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ اسی دوران 52 سالہ خاتون کی چلائی جانے والی شیورلیٹ ایکوینوکس بھی مرسڈیز سے ٹکرا گئی۔حادثے کے نتیجے میں مرسڈیز میں سوار تینوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ سبارو کا ڈرائیور بھی موقع پر دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق شیورلیٹ ایکوینوکس کی ڈرائیور اور اس میں سوار تین کم عمر مسافروں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے ایک کو شدید مگر جان لیوا نہ ہونے والی چوٹیں آئی ہیں۔

کیلگری فائر ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ امدادی ٹیموں کے پہنچنے پر حادثے میں شامل تین میں سے دو گاڑیاں مکمل طور پر آگ کی لپیٹ میں تھیں۔ فائر فائٹرز نے فوری طور پر آگ بجھانے کا عمل شروع کیا اور ساتھ ہی متاثرہ گاڑیوں میں پھنسے افراد کو نکالنے اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کی کارروائیاں کیں۔

کیلگری پولیس کے مطابق مرسڈیز کے ڈرائیور کی جانب سے ممکنہ طور پر نشے کی حالت میں ڈرائیونگ اور تیز رفتاری کو حادثے کی ممکنہ وجوہات کے طور پر تحقیقات کا حصہ بنایا گیا ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔