مسی ساگا(اشرف خان لودھی سے)صدرِ ٹریژری بورڈ شفقت علی نے کہا ہے کہ موجودہ مشکل اور غیر یقینی حالات میں کینیڈا کو مضبوط بنانے کیلئے اجتماعی عزم، محنت اور باہمی تعاون ضروری ہے، وزیراعظم مارک کارنی کی قیادت میں حکومت ملک کو معاشی طور پر مزید مضبوط اور لچکدار بنانے کیلئےاقدامات کر رہی ہے۔
یہ بات انہوں نے مسی ساگا میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جہاں شرکاء کو لبرل پارٹی کو مضبوط بنانے اور Victory Fund میں تعاون کی دعوت بھی دی گئی۔
شفقت علی نے کہا کہ کمیونٹی کی توانائی، عزم اور مقصد کا احساس ہی وہ قوت ہے جو وزیراعظم مارک کارنی کی قیادت میں ملک کو آگے بڑھانے میں مدد دے رہی ہے۔ انہوں نے شرکاء کی رہنمائی، رائے اور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ سب مل کر ایک مضبوط کینیڈا کی تعمیر میں کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کینیڈا اس وقت حقیقی چیلنجز اور ایک اہم دور سے گزر رہا ہے، تاہم کینیڈین عوام کی استقامت بھی نمایاں ہے۔ ان کے بقول ملک خوش قسمت ہے کہ اسے ایسا وزیراعظم میسر ہے جو موجودہ مشکل اور غیر یقینی حالات میں درست وقت پر درست صلاحیتوں کے ساتھ قیادت کر رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نئی حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد جرات مندانہ اقدامات اور عملی نتائج کی فراہمی پر توجہ مرکوز کی ہے۔ حکومت کے فیصلوں کے نتیجے میں کینیڈا کی معیشت مضبوط ہوئی ہے جبکہ جی 7 ممالک میں کینیڈا کی مالی پوزیشن کو بھی نمایاں قرار دیا۔
شفقت علی نے کہا کہ 2026 کی دوسری سہ ماہی میں کینیڈا کی معیشت نے تین برس میں تیز ترین شرح نمو ریکارڈ کی، جبکہ حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی صارفین پر عائد کاربن ٹیکس ختم کیا، جس سے پٹرول پر فی لیٹر 18 سینٹ کی بچت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ 22 ملین کینیڈینز کے لیے ٹیکسوں میں بھی کمی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ان شعبوں پر توجہ دے رہی ہے جنہیں وہ براہ راست متاثر کرسکتی ہے، جبکہ تجارتی شراکت داریوں میں تنوع پیدا کرنے اور مضبوط، پائیدار اور لچکدار معیشت کیلئے بڑی نئی سرمایہ کاری لانے پر بھی کام جاری ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق کینیڈا غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے ایک اہم ترین منزل بن چکا ہے اور حکومت کی تجارتی تنوع کی پالیسی کینیڈا کی تاریخ میں سب سے زیادہ وسیع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال سے بھی کم عرصے میں دو تجارتی معاہدوں سے متعلق بل منظور کیے جاچکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ امریکا کے علاوہ دیگر ممالک کو کینیڈا کی اشیا اور خدمات کی برآمدات 2025 میں 2024 کے مقابلے میں 33 ارب ڈالر بڑھیں۔ ان کے مطابق انڈونیشیا، قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، سنگاپور، فلپائن اور بھارت سمیت متعدد ممالک کے ساتھ تجارتی روابط اور معاہدوں پر پیش رفت ہوئی ہے۔
شفقت علی نے کہا کہ کینیڈا عالمی سطح پر مقابلہ کر رہا ہے اور کامیابیاں حاصل کر رہا ہے، یہی وہ طریقہ ہے جس سے ملک کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔
تقریب کے دوران مریم علی نے شفقت علی کا تعارف کراتے ہوئے انہیں کمیونٹی کیلئے انتھک آواز اور بے لوث خدمت کے جذبے کی مثال قرار دیا اور شرکاء سے ان کا پرتپاک استقبال کرنے کی اپیل کی۔

تقریب سے برامپٹن چنگواسی پارک رائیڈنگ ایسوسی ایشن کی چیئر نازیہ یاسمین نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے شرکاء، ای ڈی اے ٹیم اور رضاکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے بعد بھی کمیونٹی سے رابطہ برقرار رکھنا، عوام کی بات سننا اور ان کی آواز کو مؤثر انداز میں آگے پہنچانا ضروری ہے۔
نازیہ یاسمین نے کہا کہ کمیونٹی کی مسلسل حمایت سے رائیڈنگ کو مضبوط رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے شرکاء کو Victory Fund میں شامل ہونے اور سال بھر پارٹی کی سرگرمیوں کیلئے ماہانہ بنیاد پر تعاون کرنے کی بھی ترغیب دی۔
اس موقع پر محمد شیخ نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے وژن کے مطابق مضبوط بنیاد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے شرکاء کو Victory Fund donors کے طور پر شامل ہونے کی دعوت دی اور پارٹی کے مستقبل کیلئےمالی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
تقریب میں مقامی سیاسی و کمیونٹی شخصیات، رضاکاروں اور لبرل پارٹی کے حامیوں نے شرکت کی۔

