کینیڈا چائلڈ بینیفٹ میں اضافہ، براہ راست لاکھوں خاندان مستفید ہونگے:سونیا سدھو

برامپٹن (نمائندہ خصوصی) برامپٹن ساؤتھ سے رکنِ پارلیمنٹ سونیا سدھو نے کہا ہے کہ کینیڈا چائلڈ بینیفٹ (سی سی بی) میں اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے تحت رواں ماہ سے ملک بھر کے لاکھوں خاندانوں کو ٹیکس سے مستثنیٰ اضافی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جولائی 2026ء سے اہل خاندانوں کو 6 سال سے کم عمر ہر بچے کیلئے سالانہ 8 ہزار 157 کینیڈین ڈالر جبکہ 6 سے 17 سال عمر کے ہر بچے کیلئے سالانہ 6 ہزار 883 کینیڈین ڈالر تک مل سکیں گے۔ یہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں بالترتیب 160 اور 135 کینیڈین ڈالر فی بچہ زیادہ ہیں۔

سونیا سدھو کے مطابق کینیڈا بھر میں تقریباً 36 لاکھ خاندان، جن کے 60 لاکھ بچے اس پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں، سالانہ تقریباً 30 ارب کینیڈین ڈالر کی ٹیکس فری ادائیگیاں وصول کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کینیڈا چائلڈ بینیفٹ نے ملک بھر میں سیکڑوں ہزار بچوں کو غربت سے نکالنے میں مدد دی ہے اور یہ اضافہ والدین کو خوراک، لباس، اسکول کے سامان اور بچوں کی نگہداشت جیسے روزمرہ اخراجات پورے کرنے میں مزید سہولت فراہم کرے گا۔

سونیا سدھو کا کہنا تھا کہ ہر بچے کو ترقی کے مساوی مواقع ملنے چاہئیں اور حکومت زندگی کو مزید قابلِ برداشت بنانے اور کینیڈین خاندانوں کیلئے بہتر مستقبل کی تعمیر کے عزم پر قائم ہے۔انہوں نے اہل خاندانوں پر زور دیا کہ وہ سالانہ ٹیکس ریٹرن بروقت جمع کرائیں تاکہ کینیڈا چائلڈ بینیفٹ کی ادائیگیاں بغیر کسی تعطل کے جاری رہ سکیں۔