کینیڈین ہاکی ٹیم کا جنوری یا فروری میں دورہ پاکستان متوقع

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی اور کینیڈین ہاکی فیڈریشن کے صدر کے درمیان گزشتہ شام اہم اور مثبت تفصیلی گفتگو ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان ہاکی کے تعلقات مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ ہاکی سیریز کے انعقاد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمیشن کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

گفتگو کے دوران کینیڈین حکام نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے رابطے کا پرجوش خیرمقدم کرتے ہوئے اپنی قومی ٹیم اور آفیشلز کے ہمراہ جنوری کے وسط یا فروری کے وسط میں پاکستان کا دورہ کرنے کی اصولی منظوری دے دی۔ سیریز کی حتمی تاریخوں، میچوں کی تعداد اور دیگر انتظامات کو آئندہ مشاورت کے بعد حتمی شکل دی جائے گی۔

کینیڈین وفد نے پاکستان آنے، روایتی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہونے اور ملک کی شاندار ہاکی تاریخ، ثقافت اور ماحول کا تجربہ کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ کینیڈین حکام نے پاکستانی ہاکی کے تاریخی مقام کو تسلیم کرتے ہوئے پاکستانی سرزمین پر ایک مضبوط اور باصلاحیت ٹیم کے خلاف کھیلنے کا بھی اشتیاق ظاہر کیا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے کینیڈا کے مثبت ردعمل کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مہمان ٹیم کو روایتی مہمان نوازی اور بہترین کھیلوں کا ماحول فراہم کرنے کیلئےپوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی دوطرفہ سیریز سے نہ صرف بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے ہاکی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے بلکہ پاکستانی کھلاڑیوں کو اعلیٰ سطح کی عالمی ہاکی کے خلاف کھیلنے اور قیمتی تجربہ حاصل کرنے کا موقع بھی ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ مجوزہ دورہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی اس وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے تحت بین الاقوامی دوطرفہ ہاکی کو بحال کرنے اور دنیا کی بہترین ہاکی ٹیموں کو پاکستان لانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق رواں سال کے آخر یا آئندہ سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران مزید تین ممالک کی ٹیموں کو پاکستان مدعو کرنے کے لیے بھی مذاکرات جاری ہیں۔پی ایچ ایف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں اعلیٰ معیار کی بین الاقوامی ہاکی کے باقاعدہ انعقاد اور پاکستان کو عالمی ہاکی سرگرمیوں کا اہم مرکز بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔