کیپ ورڈی کے گول کیپر وزینا کی والدہ بیٹے کا اگلا ورلڈ کپ میچ دیکھنے میامی پہنچیں گی

میامی(بین الاقوامی میڈیا، سوشل میڈیا)فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شاندار کارکردگی کے باعث عالمی توجہ حاصل کرنیوالے کیپ ورڈی کے گول کیپر وزینا کیلئےخوشخبری سامنے آئی ہے، جہاں ان کی والدہ اینا کانڈیڈہ اپنے بیٹے کا اگلا میچ دیکھنے کیلئےمیامی اسٹیڈیم میں موجود ہوں گی۔

رپورٹس کے مطابق بھاری امریکی ویزا فیس کے باعث وزینا کی والدہ امریکا سفر نہیں کر پا رہی تھیں، تاہم امریکی محکمہ خارجہ نے خصوصی اقدام کرتے ہوئے ان کی ویزا فیس معاف کر دی ہے اور ان کے سفر کے انتظامات بھی شروع کر دیے گئے ہیں۔

امریکی ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹک رہنما حکیمی جیفریز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے وزیر خارجہ مارکو روبیو سے رابطہ کیا اور درخواست کی کہ وہ اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے وزینا کی والدہ کو امریکا آنے کی اجازت دیں تاکہ وہ اپنے بیٹے کا میچ دیکھ سکیں۔

حکیمی جیفریز نے کہا کہ انہیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ویزا فیس کی معافی کے بعد وزینا کی والدہ اتوار کو کیپ ورڈی اور یوراگوئے کے درمیان ہونیوالا میچ میامی اسٹیڈیم میں دیکھ سکیں گی جبکہ ان کے سفر کے تمام انتظامات بھی مکمل کیے جا رہے ہیں۔

وزینا کی والدہ اینا کانڈیڈہ نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بیٹے سے ملاقات اور اسے عالمی سطح پر کھیلتے ہوئے دیکھنے کیلئے بے حد پرجوش ہیں اور یہ لمحہ ان کیلئےزندگی بھر کی یادگار بن جائیگا۔

واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران کیپ ورڈی سمیت پانچ ممالک کے شائقین پر امریکی پالیسی کے تحت قابلِ واپسی ویزا فیس کی مد میں تقریباً گیارہ ہزار پاؤنڈ جمع کرانے کی شرط عائد کی گئی تھی، جس کا اطلاق رواں سال مئی میں متعارف کرائی گئی نئی پالیسی کے تحت کیا گیا تھا۔