گلگت بلتستان اسمبلی میں جی بی کو پاکستان کا عبوری صوبہ بنانے کی قرارداد منظور

گلگت (اے پی پی) گلگت بلتستان اسمبلی نے گلگت بلتستان کو پاکستان کا عبوری صوبہ بنانے کی قرارداد منظور کر لی، جس میں کہا گیا ہے کہ عبوری صوبائی حیثیت دینے سے مسئلہ جموں و کشمیر پر پاکستان کے مؤقف یا مستقبل میں استصوابِ رائے پر کوئی اثر نہیں پڑنا چاہیے۔

قرارداد کے مطابق گلگت بلتستان کو پاکستان کی قومی اسمبلی، سینیٹ اور دیگر آئینی اداروں میں نمائندگی دی جائے، جبکہ وفاقی حکومت قرارداد پر عمل درآمد کے لیے تمام ضروری آئینی، قانونی اور انتظامی اقدامات کرے۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کی عبوری صوبائی حیثیت پاکستان کی بین الاقوامی ذمہ داریوں اور مسئلہ جموں و کشمیر سے متعلق ریاستی مؤقف کے مطابق ہوگی، اور اس سے مستقبل میں استصوابِ رائے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

قرارداد میں گلگت بلتستان کے عوام کو دیگر صوبوں کے مساوی آئینی، جمہوری اور سیاسی حقوق فراہم کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے، جبکہ وفاقی سیاسی اور آئینی نظام میں خطے کے عوام کی مکمل شمولیت پر زور دیا گیا ہے۔

قرارداد میں سفارش کی گئی ہے کہ گلگت بلتستان کو عبوری صوبائی حیثیت دینے کے لیے آئینی، قانونی اور انتظامی اقدامات کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے۔