لاس اینجلس(امریکی میڈیا)ہالی ووڈ کی اداکارہ اور ماضی کی معروف چائلڈ اسٹار ڈیوگ چیس 35 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کم عمری میں شہرت حاصل کرنے والی ڈیوگ چیس فلم دی رنگ اور شہرۂ آفاق اینی میٹڈ فلم لیلو اینڈ اسٹیچ میں اپنی یادگار اداکاری کے باعث دنیا بھر میں پہچانی جاتی تھیں۔
اداکارہ کے بوائے فرینڈ کے مطابق ڈیوگ چیس کا انتقال منگل کے روز ہوا۔ وہ ایک موذی مرض میں مبتلا تھیں اور رواں ماہ کے آغاز میں انہیں لاس اینجلس کے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
رپورٹ کے مطابق ڈیوگ چیس نے 2002 میں ریلیز ہونے والی فلم لیلو اینڈ اسٹیچ میں مرکزی کردار “لیلو” کو آواز دے کر غیر معمولی شہرت حاصل کی، بعد ازاں انہوں نے اسی کردار کو ٹیلی ویژن سیریز میں بھی نبھایا، جسے شائقین نے بے حد پسند کیا۔ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں اور شوبز شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

