ہاکی پرو لیگ: بھارت نے پاکستان کو 7-1 سے شکست دے دی

لندن( ایف آئی ایچ، میچ حکام، اسپورٹس رپورٹس)ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ میں پاکستان کی شکستوں کا سلسلہ جاری رہا، جہاں روایتی حریف بھارت نے یکطرفہ مقابلے کے بعد گرین شرٹس کو 7-1 سے شکست دے دی۔ ایونٹ میں یہ پاکستان کی مسلسل پندرہویں شکست ہے۔

لندن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے شاندار آغاز کیا اور بارہویں منٹ میں ابو محمود کے گول کی بدولت پہلے کوارٹر کا اختتام ایک، صفر کی برتری کے ساتھ کیا۔

دوسرے کوارٹر میں بھارت نے عمدہ کم بیک کرتے ہوئے دو گول کر کے برتری حاصل کر لی، جبکہ تیسرے کوارٹر میں بھارتی ٹیم نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید چار گول اسکور کیے۔ چوتھے اور آخری کوارٹر میں بھارت نے ایک اور گول کر کے مقابلہ 7-1 سے اپنے نام کر لیا۔

بھارت کی جانب سے ابھیشیک نے دو گول کیے، جبکہ سکھجیت سنگھ، ہرمن پریت سنگھ، ہاردک سنگھ، جگرجیت سنگھ اور دلپریت سنگھ نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔ پاکستان کی جانب سے واحد گول ابو محمود نے کیا۔

پاکستانی ٹیم ایف آئی ایچ پرو لیگ میں اب تک ایک بھی پوائنٹ حاصل نہیں کر سکی۔ قومی ٹیم ایونٹ میں اپنا آخری میچ 27 جون کو میزبان انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔