یوئیفا انڈر 16 ڈیولپمنٹ ٹورنامنٹ: پاکستان کی روس کیخلاف شاندار کارکردگی

شمکینت(سپورٹس ڈیسک)یوئیفا انڈر 16 ڈیولپمنٹ ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم نے روس کے خلاف بہترین کھیل پیش کیا، تاہم ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

میچ کے آغاز میں ہی روس نے ساتویں منٹ میں الیگزینڈر براگینیٹس کے گول کے ذریعے برتری حاصل کر لی، لیکن اس کے بعد پاکستانی دفاع نے مضبوط مزاحمت دکھائی۔

پاکستان کے گول کیپر نوید اللہ نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے متعدد خطرناک حملے ناکام بنائے۔ پہلے ہاف میں محمد حنظلہ کے موقع پر پاکستان کو برتری ملنے کا امکان تھا، لیکن روسی گول کیپر نے بہترین بچاؤ کر لیا۔

دوسرے ہاف میں پاکستانی ٹیم نے بہتر کھیل پیش کیا اور پچاسویں منٹ میں دانش مسیح کے ہیڈر کے بعد شہراز خان نے گول کرکے مقابلہ برابر کر دیا۔

تاہم بہتر کھیل کے باوجود پاکستانی ٹیم کو اس وقت دھچکا لگا جب بہتر ویں منٹ میں عیسیٰ کو دوسرا پیلا کارڈ ملنے پر میدان سے باہر کر دیا گیا۔ ان کے باہر جانے کے فوراً بعد روس نے فیصلہ کن گول اسکور کرکے میچ دو کے مقابلے میں ایک سے جیت لیا۔پاکستانی ٹیم اپنا اگلا اور آخری میچ آذربائیجان کے خلاف کھیلے گی۔