یوکرین کے صدر زیلنسکی نے فوج کے کمانڈر انچیف کو عہدے سے ہٹا دیا

کیف (رائٹرز، اے ایف پی) یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے مسلح افواج کے کمانڈر انچیف جنرل اولیکسینڈر سیرسکی کو عہدے سے ہٹا کران کی جگہ میخائلو دراپاتی کو نیا کمانڈر انچیف مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر زیلنسکی کے اس فیصلے سے قبل وزیرِ دفاع اور جنرل اولیکسینڈر سیرسکی کے درمیان روس کے خلاف جنگی حکمتِ عملی اور فوجی آپریشنز کے طریقۂ کار پر اختلافات کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔رپورٹس کے مطابق صدر زیلنسکی کچھ عرصہ قبل وزیرِ دفاع کو بھی عہدے سے ہٹا چکے ہیں، جبکہ وزارتِ دفاع کا مستقل قلمدان تاحال کسی کو نہیں سونپا گیا۔

اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی سروس کے سربراہ عبوری طور پر وزیرِ دفاع کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، جبکہ فوج کے جنرل اسٹاف میں بھی اعلیٰ سطح پر مزید تقرریوں اور انتظامی تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔صدر زیلنسکی کی جانب سے فوجی قیادت میں یہ تبدیلی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب یوکرین کو روس کے ساتھ جاری جنگ کے باعث مسلسل سیکیورٹی اور عسکری چیلنجز کا سامنا ہے۔