11 سالہ پاکستانی کھلاڑی سعد جہانگیر منج نے شطرنج میں تاریخ رقم کر دی

اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کے 11 سالہ شطرنج کھلاڑی سعد جہانگیر منج نے بین الاقوامی سطح پر اہم اعزاز حاصل کرتے ہوئے ایرینا انٹرنیشنل ماسٹر (AIM) ٹائٹل حاصل کر لیا ہے۔یہ اعزاز حاصل کرنے والے وہ پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں، جسے ملک میں ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ نے سعد جہانگیر منج کی کامیابی کو اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کرتے ہوئے اسے پاکستان کے لیے قابل فخر لمحہ اور نوجوانوں کے لیے حوصلہ افزا مثال قرار دیا ہے۔

پنجاب کے وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے بھی کم عمر کھلاڑی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سعد کی یہ کامیابی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کھیلوں کے فروغ، خصوصاً شطرنج سمیت دیگر کھیلوں کی ترقی کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔