مسی ساگا (اشرف خان لودھی سے) کمیونٹی آرٹس انیشی ایٹو (سی سی اے آئی) کے زیرِ اہتمام 21واں سالانہ ٹی ڈی موزیک جنوبی ایشیائی ثقافتی میلہ ہفتے کے روز اپنے دوسرے اور آخری روز بھی بھرپور جوش و خروش کے ساتھ جاری رہا، جہاں ہزاروں افراد نے موسیقی، ثقافت، رقص، فنونِ لطیفہ، روایتی کھانوں، خریداری اور خاندانی تفریح سے بھرپور رنگا رنگ پروگراموں سے لطف اٹھایا۔

فیسٹیول کے دوسرے روز پاکستان کی معروف صوفی گلوکارہ صنم ماروی نے اپنی روح پرور صوفیانہ پرفارمنس سے حاضرین کے دل موہ لئے جبکہ معروف موسیقار شیلم زیویئر اور دیگر فنکاروں نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ افتتاحی روز عالمی شہرت یافتہ بینڈ دہلی ٹو ڈبلن، انڈین آئیڈل 2024 کے فاتح ویبھَو گپتا، جادو انٹرٹینمنٹ، زارا مدنی، ڈیسٹنی بینڈ اور معروف اداکار علی کاظمی سمیت متعدد فنکاروں نے شاندار پرفارمنس پیش کی تھی۔

فیسٹیول میں ہر عمر کے افرادکیلئے خصوصی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا، جن میں بچوں کیلئے آرٹس اینڈ کرافٹس، ثقافتی نمائشیں، جنوبی ایشیائی اور عالمی کھانوں کے اسٹالز، خریداری کے مواقع، موزیک رائزنگ اسٹار مقابلہ اور مختلف ثقافتی و تفریحی پروگرام شامل تھے۔

اس موقع پرآرٹسٹک ڈائریکٹرکمیونٹی آرٹس انیشی ایٹو اسما محمود نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ جنگ نیوزکینیڈاکے چیف ایڈیٹر اشرف خان لودھی کی ہمیشہ سے موزیک فیسٹیول کی بھرپور حمایت پر تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 21 برس سے یہ فیسٹیول کمیونٹی کی خدمت کر رہا ہے اور ابتدا ہی سے میڈیا کی مثبت معاونت اس کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب کمیونٹی اور میڈیا اس نوعیت کی ثقافتی سرگرمیوں کی حمایت کرتے ہیں تو منتظمین کو مزید حوصلہ ملتا ہے۔ ان کے بقول موزیک فیسٹیول کا بنیادی مقصد نئی نسل کو اپنی ثقافت، زبان اور شناخت سے جوڑنا اور انہیں ایک باوقار پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ اپنی روایات پر فخر کر سکیں۔ اسما محمود نے کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں کے ساتھ اس ثقافتی میلے میں شرکت کریں اور اسے مزید کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

فیسٹیول کے دوران انڈین آئیڈل 2024 کے فاتح گلوکار ویبھَو گپتا نے اشرف خان لودھی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ان کی ٹی ڈی موزیک فیسٹیول میں پہلی شرکت ہے اور یہاں آ کر انہیں بے حد خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ فیسٹیول کا ماحول انتہائی خوبصورت اور منظم ہے اور وہ یہاں پرفارم کرنے کیلئے بہت پُرجوش تھے۔ویبھَو گپتا نے کہا کہ مسی ساگا کے حاضرین نے انہیں بے حد محبت دی، جس کی وجہ سے یہ تجربہ ان کیلئے ہمیشہ یادگار رہے گا۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز اپنی پرفارمنس کے بعد وہ آج بھی فیسٹیول میں موجود ہیں تاکہ دیگر فنکاروں کی پرفارمنس سے لطف اندوز ہو سکیں۔اس موقع پر اشرف خان لودھی نے ویبھَو گپتا کی شاندار پرفارمنس کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے باصلاحیت فنکاروں کی شرکت ٹی ڈی موزیک فیسٹیول کی کامیابی کا ثبوت ہے، جس پر ویبھَو گپتا نے منتظمین اور حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس محبت کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

منتظمین کے مطابق ٹی ڈی موزیک فیسٹیول گزشتہ 21 برس سے گریٹر ٹورنٹو ایریا میں جنوبی ایشیائی ثقافت، موسیقی اور فنون کے فروغ کا ایک نمایاں پلیٹ فارم بن چکا ہے، جہاں ہر سال ہزاروں افراد مختلف ثقافتوں کے رنگوں سے لطف اندوز ہونے کیلئے شرکت کرتے ہیں۔

