5 سالہ بچی کے قتل: 3 ماہ بعد ماں اور ساتھی کیخلاف مقدمہ، مرکزی ملزم گرفتار

بنگلورو(انڈین ایکسپریس، ہندوستان ٹائمز، این ڈی ٹی وی، ٹائمز آف انڈیا)جنوبی بھارتی شہر بنگلورو میں 5 سالہ بچی کی پراسرار موت کے تقریباً تین ماہ بعد پولیس نے متوفیہ کی ماں اور اس کے ساتھ رہنے والے شخص کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ مرکزی ملزم کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق 25 مارچ کو 5 سالہ وینیلا مردہ حالت میں پائی گئی تھی۔ ابتدائی طور پر بچی کی ماں پرینکا نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ بچی نے رات کو بریانی کھائی، پھر کار میں اے سی چلا کر سو گئی۔ اس دوران وہ اپنے ساتھی موہن کے ساتھ قریبی کیفے چلی گئی۔ واپسی پر بچی کو گھر لا کر سلا دیا گیا، تاہم اگلی صبح وہ نہ جاگ سکی اور اسپتال پہنچانے پر ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔

بچی کے والد کو واقعے پر شبہ ہوا تو انہوں نے پوسٹ مارٹم رپورٹ حاصل کرکے بیرونِ ملک مقیم اپنی بہن، جو بچوں کی بیماریوں کی ماہر ہیں، کو بھجوائی۔ رپورٹ کے جائزے کے بعد ایسے شواہد سامنے آئے جن سے شبہ پیدا ہوا کہ بچی کی موت فطری نہیں بلکہ ممکنہ طور پر قتل کا نتیجہ تھی اور بعد ازاں شواہد چھپانے کی کوشش کی گئی۔

ایف آئی آر میں والد نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی اہلیہ اور اس کے ساتھی نے بچی کو اپنے تعلقات میں رکاوٹ سمجھتے ہوئے راستے سے ہٹانے کی منصوبہ بندی کی۔ ان کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ملزم موہن کی جانب سے قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست دائر کیے جانے سے ان کے شکوک مزید مضبوط ہوئے۔

پولیس دستاویزات کے مطابق والدین کی شادی 2007 میں ہوئی تھی اور ان کی دو بیٹیاں تھیں۔ بعد ازاں پرینکا نے اپنے سابقہ کالج دوست موہن کے ساتھ تعلقات قائم کر لیے اور علیحدگی کے بعد اس کے ساتھ رہنے لگی۔ بڑی بیٹی والد کے پاس جبکہ مقتولہ وینیلا اپنی ماں کے ساتھ رہ رہی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرکے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے اور تمام شواہد کا ازسرِنو جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ واقعے کے اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔