9 کروڑ قرض کیس، راجپال یادیو کا سمجھوتے کے بجائے کیس لڑنے کا فیصلہ

نئی دہلی (بھارتی میڈیا) بھارتی اداکار راجپال یادیو نے 9 کروڑ روپے قرض اور چیک باؤنس کیس میں عدالت میں سمجھوتہ کرنے کے بجائے کیس لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔دہلی ہائی کورٹ نے بدھ کے روز اس کیس میں راجپال یادیو کی عبوری ضمانت یکم اپریل تک بڑھا دی اور قرار دیا کہ فی الحال انہیں جیل نہیں بھیجا جائے گا کیونکہ انہوں نے شکایت کنندہ کو قابلِ ذکر ادائیگیاں کی ہیں۔

اداکار کے وکیل ایس کے شرما کے مطابق راجپال یادیو نے اب معاملہ عدالت میں لڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور کسی قسم کے سمجھوتے کے حق میں نہیں ہیں۔عدالت نے کیس کی اگلی سماعت یکم اپریل مقرر کر دی ہے، جبکہ راجپال یادیو کا کہنا ہے کہ انہیں بھارتی عدلیہ پر مکمل اعتماد ہے اور وہ سچ سامنے لانے کی کوشش کریں گے۔

یہ معاملہ 2010 سے جڑا ہے جب راجپال یادیو نے اپنی فلم “اتا پتا لاپتا” کے لیے دہلی کی کمپنی مرلی پراجیکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ سے 5 کروڑ روپے قرض لیا تھا، فلم کی ناکامی کے بعد تنازع بڑھا اور 2018 میں انہیں چیک ڈس آنر کیس میں چھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی جسے 2019 میں برقرار رکھا گیا، جبکہ واجب الادا رقم بڑھ کر تقریباً 9 کروڑ روپے ہو گئی۔