کراچی ( نیوزرپورٹر)کراچی سینٹرل جیل کی بیرک میں شارٹ سرکٹ کے باعث کرنٹ لگنے سے سزائے موت کا قیدی جاں بحق ہوگیا، جس کی شناخت امجد کے نام سے ہوئی ہے۔
جیل حکام کے مطابق واقعہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پیش آیا، جب سینٹرل جیل کے چکر نمبر 3 کی ایک بیرک میں شارٹ سرکٹ ہوا۔ اس دوران امجد کو کرنٹ لگا اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
حکام کا کہنا تھا کہ امجد کا آبائی تعلق پنجاب سے تھا اور وہ سزائے موت کا قیدی تھا۔ اس کی رحم کی اپیل صدرِ مملکت کے پاس زیرِ التوا تھی۔جیل حکام کے مطابق متوفی کی لاش سرد خانے منتقل کردی گئی ہے، جسے قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔ امجد کے خلاف زیادتی کے مقدمات درج تھے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

