الاحساء(سعودی پریس ایجنسی، سعودی میڈیا) سعودی عرب کے علاقے الاحساء میں 2 گاڑیوں کے درمیان شدید تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد سمیت 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے والدین اور ان کے 5 بچے شامل ہیں، جبکہ دوسری گاڑی میں سوار 2 نوجوان بھی شدید تصادم کے نتیجے میں جان کی بازی ہار گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پہنچ گئیں اور تباہ شدہ گاڑیوں میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے کارروائی شروع کردی۔ امدادی اہلکاروں نے گاڑیوں کو کاٹ کر متاثرین کو باہر نکالا، تاہم تمام افراد جانبر نہ ہوسکے۔
شدید تصادم کے باعث دونوں گاڑیوں کو نقصان پہنچا، جبکہ حادثے کے بعد علاقے میں غم کی فضا پیدا ہوگئی۔
متعلقہ حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 2 گاڑیوں کے درمیان شدید ٹکر حادثے کا سبب بنی، تاہم حادثے کی حتمی وجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی۔

