خواتین اور خاندان کو نشانہ بنا کر کسی نظریے کو شکست نہیں دی جاسکتی: سہیل آفریدی

پشاور(نامہ نگار) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے علیمہ خان کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں خواتین کے ساتھ جو سلوک کیا جا رہا ہے وہ ہماری روایات کے منافی ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ علیمہ خان کی تین ایم پی او کے تحت گرفتاری بدترین سیاسی انتقام ہے، خواتین اور خاندانوں کو نشانہ بنا کر کسی نظریے کو شکست نہیں دی جاسکتی۔

انہوں نے کہا کہ چادر اور چار دیواری کا تقدس بغیر کسی خوف کے پامال کیا جا رہا ہے، عمران خان کی بہنوں اور خاندان کی خواتین کو نشانہ بنانا کون سی سیاست اور اخلاقیات ہے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا کہ علیمہ خان کی گھر کے باہر سے گرفتاری پنجاب حکومت کے خوف کو ظاہر کرتی ہے۔شفیع جان نے کہا کہ لانگ مارچ کا خوف جعلی حکومت کو چین سے بیٹھنے نہیں دے رہا۔