ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 8 خوارج ہلاک، 2 افسران سمیت 6 جوان شہید: آئی ایس پی آر

ہنگو(آئی ایس پی آر، ریڈیو پاکستان، اے پی پی) خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز اور فتنۃ الخوارج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 افسران سمیت 6 اہلکار شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 20 ستمبر کو ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے 8 دہشت گرد ہلاک کردیئے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے میں اپنے دستوں کی قیادت کرنے والے 2 افسران اور 4 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

شہید ہونے والوں میں 23 سالہ کیپٹن ابوذر فاروق اور 22 سالہ لیفٹیننٹ شیراز بابر شامل ہیں۔ کیپٹن ابوذر فاروق کا تعلق ضلع گوجرانوالہ جبکہ لیفٹیننٹ شیراز بابر کا تعلق ضلع چکوال سے تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دونوں افسران نے اپنے دستوں کی فرنٹ سے قیادت کرتے ہوئے بہادری سے مقابلہ کیا اور اپنے 4 جوانوں سمیت جام شہادت نوش کیا۔

علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے صفایا کارروائی جاری ہے، جبکہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بھی جاری رکھنے کا کہا گیا ہے۔