پیٹرول کی قیمت ایک ہزار روپے فی لیٹر تک جانے کا خدشہ ہے:علی پرویز ملک

لاہور (وقائع نگارخصوصی) وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ ملک میں فی الحال پیٹرول کی کوئی قلت نہیں، تاہم قلت پیدا ہونے کی صورت میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت ایک ہزار روپے تک جا سکتی ہے۔

لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں مسلم لیگ ن کے کارکن میاں عامر الطاف کی رہائش گاہ پر ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کی تکالیف پر سیاست چمکانے سے گریز کرے، گزشتہ روز ایک ہی دن میں 18 کروڑ روپے کے ٹوکن جاری کیے گئے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ذمہ دار وزیراعظم کے طور پر شہباز شریف نے پیٹرول کی قیمت کے آگے بند باندھا ہے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں 80 فیصد اضافہ ہوا لیکن پاکستان میں صرف 50 فیصد اضافہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے وفد کو بتا دیا تھا کہ حکومت کو چیلنجز کا سامنا ہے، جبکہ پی ٹی آئی سے بھی کہیں گے کہ حکومت کی مخالفت میں دوسروں کے بچوں کو ایندھن نہ بنائیں، اسلام آباد پر کسی کو چڑھائی کی اجازت نہیں دیں گے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ سردیوں میں عوام کو گیس کی تنگی نہیں ہونے دیں گے، چاہے 3 کروڑ ڈالر کے بجائے 10 کروڑ ڈالر کی گیس درآمد کرنا پڑے۔بلدیاتی نظام اور انتظامی یونٹس سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ اس معاملے پر اسمبلی میں بحث کی جائے گی، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کو حراست میں لیے جانے سے متعلق انہوں نے لاعلمی کا اظہار کیا۔