مقبوضہ مشرقی القدس(الجزیرہ، اناطولیہ نیوز ایجنسی) تقریباً 570 اسرائیلی آبادکار سخت سیکیورٹی میں مسجد اقصیٰ کے صحن میں داخل ہوگئے اور یہودی مذہبی رسومات اور عبادات ادا کیں۔ فلسطینی محکمہ امور القدس کے مطابق یہ واقعات یہودی مذہبی تہوار یومِ کپور کے موقع پر پیش آئے۔
الجزیرہ کے مطابق فلسطینی محکمہ امور القدس نے بتایا کہ اتوار کی صبح 10 بجے تک تقریباً 570 آبادکار مسجد اقصیٰ کے صحن میں داخل ہوچکے تھے، جہاں انہوں نے تلمودی رسومات اور سجدے کیے۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے ہفتے کی شب اپنی اہلیہ اور حکومتی وزراء کے ہمراہ دیوار براق کے احاطے کا دورہ کیا اور اس کے نیچے موجود سرنگوں میں بھی گئے۔ نیتن یاہو نے وہاں یہودی مذہبی دعاؤں میں شرکت کی۔
حماس نے نیتن یاہو کے مسجد اقصیٰ کے نیچے سرنگوں اور کھدائی کے مقامات کے دورے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مسجد اقصیٰ کی شناخت اور حیثیت پر حملہ ہے۔ حماس کے مطابق مسجد اقصیٰ اپنے صحنوں، نماز گاہوں، دیواروں اور دروازوں سمیت اسلامی عبادت گاہ ہے اور اس کی شناخت تبدیل کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔
یہ واقعات یومِ کپور کے آغاز سے قبل پیش آئے ہیں۔ یہودی مذہبی تہوار یومِ کپور اتوار کی شام شروع ہوکر پیر کی شام تک جاری رہے گا۔

