ٹرمپ نے کیمپ ڈیوڈ کا قیام مختصر کردیا، مقررہ وقت سے پہلے وائٹ ہاؤس واپس پہنچ گئے

واشنگٹن(عرب میڈیا، امریکی میڈیا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیمپ ڈیوڈ میں قیام مقررہ وقت سے پہلے ختم کردیا اور اتوار کو وائٹ ہاؤس واپس پہنچ گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق امریکی انتظامیہ نے صدر ٹرمپ کے کیمپ ڈیوڈ کا دورہ مختصر کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔ ہفتہ وار تعطیلات کے دوران صدارتی سفری پروگرام میں تبدیلی معمول کی بات ہے، تاہم کیمپ ڈیوڈ کے پہاڑی علاقے میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفان کی پیش گوئی بھی کی گئی تھی۔

ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس واپسی سے قبل امریکی محکمہ خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی شہریوں کے لیے سفری اور حفاظتی انتباہ جاری کیا تھا، جس میں کہا گیا کہ سعودی عرب اور یمن کے حوثیوں کے درمیان جاری کشیدگی میں تیزی سے اضافہ ہوسکتا ہے۔

دوسری جانب امریکی ریاست میری لینڈ میں صدر ٹرمپ کی رہائش گاہ کیمپ ڈیوڈ کی ممنوعہ فضائی حدود کی خلاف ورزی کا واقعہ بھی پیش آیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خلاف ورزی کرنے والی ایک عمومی ہوابازی کی پرواز کو ایف 16 لڑاکا طیارے نے واپس موڑ دیا۔

صدر ٹرمپ جمعہ کو کیمپ ڈیوڈ پہنچے تھے، جبکہ اس سے قبل جون میں بھی کیمپ ڈیوڈ کی ممنوعہ فضائی حدود کی خلاف ورزی کا واقعہ پیش آیا تھا۔